نیویارک (این این آئی )سماجی رابطوں کی معروف ترین ویب سائٹ فیس بْک نے کہا ہے کہ اس نے یورپی پارلیمان کے انتخابات سے قبل اپنی ویب سائٹ پر سیاسی اشتہار بازی کے حوالے سے ضروری تبدیلیاں کر دی ہیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فیس بْک کی طرف سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ انتخابات کے لیے آن لائن اشتہار بازی اور انتخابی عمل کی شفافیت کو برقرار
رکھنے کے لیے بعض نئے طریقہ کار لاگو کر دیے گئے ہیں۔ اس ویب سائٹ پر یہ تبدیلیاں حالیہ کچھ عرصے کے دوران مختلف ممالک میں ہونے والے انتخابات کے دوران پیش آنے والے مسائل کے تناظر میں کی گئی ہیں۔ اب فیس بْک پر کوئی بھی سیاسی اشتہار باقاعدہ اشتہارات کے حصے میں موجود ہو گا اور ساتھ ہی یہ اشتہار دینے والے کے بارے میں تفصیلات بھی دستیاب ہوں گی۔