امریکا(مانیٹرنگ ڈیسک) فیس بک نے اپنی مختصر ویڈیو شیئر کرنے میں مدد دینے والی نئی ایپ لاسو متعارف کرا دی ہے تاکہ منہ موڑتے نوجوانوں کا دل ایک بار پھر جیت سکے۔ اس ایپ میں صارفین ویڈیوز کو مختلف فلٹرز اور اسپیشل ایفیکٹس کے ساتھ شیئر کرسکیں گے جبکہ ویڈیو ایڈیٹنگ ٹولز کے ساتھ موسیقی اور ٹیکسٹ کو بھی اپنی ویڈیوز کا حصہ بناسکتے ہیں۔ فیس بک نوجوانوں
میں اب مقبول نہیں۔ اس ایپ میں صارف کے لیے ضروری نہیں کہ وہ صرف اپنی ویڈیوز ہی شیئر کریں، اس سے ہٹ کر وہ اپنی دلچسپی کی ویڈیوز کو دیکھ سکتے ہیں۔ جبکہ مقبول ہیش ٹیگ تلاش کرسکتے ہیں۔ لاسو نامی یہ ایپ فیچرز کے لحاظ سے نوجوانوں میں مقبول ایپ میوزیکل لی یا ٹک ٹوک سے ملتی جلتی ہے۔ فیس بک کی یہ ایپ فی الحال امریکا میں متعارف کرائی گئی ہے جو کہ فیس بک کی جانب سے نوجوانوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔ امریکا میں 50 فیصد نوجوان فیس بک استعمال کرتے ہیں حالانکہ 2015 میں یہ شرح 70 فیصد تھی، جبکہ اسنیپ چیٹ کے نوجوانوں صارفین 69 فیصد، انسٹاگرام کے نوجوان صارفین 72 فیصد اور 85 فیصد یوٹیوب استعمال کرتے ہیں۔ امریکی نوجوانوں نے فیس بک کا استعمال کم کردیا فیس بک نے خاموشی سے لاسو کو متعارف کرایا ہے یعنی کوئی اعلان نہیں کیا گیا مگر ایک ای میل میں کمپنی کا کہنا تھا کہ لاسو مختصر اور تفریحی ویڈیوز کے لیے ایک نئی اسٹینڈ آلون ایپ ہے، جس میں کامیڈی، بیوٹی سے لے کر فٹنس تک ہر موضوع پر ویڈیوز ملیں گی۔ اس ایپ میں صارف فیس بک یا انسٹاگرام اکاﺅنٹس کی مدد سے لاگ ان ہوسکیں گے جبکہ لاسو ویڈیوز کو فیس بک اسٹوریز میں بھی شیئر کرسکیں گے، انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کرنے کا فیچر جلد متعارف کرایا جائے گا۔ اس ایپ میں تمام پروفائلز اور ویڈیوز پبلک ہوں گی یعنی کوئی ویڈیو پرائیویٹ رکھنا ممکن نہیں۔