اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان میں جعلی انٹرنیشنل موبائل ایکویپمنٹ آئی ڈینٹیٹی (آئی ایم ای آئی) والے سمارٹ فونز کے خلاف آپریشن کے نتیجے میں 20 اکتوبر کے بعد ملک بھر میں لاکھوں سمارٹ فونز ناکارہ ہونے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں ڈوپلی کیٹ آئی ایم آئی والے سمارٹ فونز بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
اس حوالے سے شہریوں کو ایس ایم ایس کے ذریعے آگاہ بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر 20 اکتوبر سے پہلے چیک کر لیں۔ آئی ایم ای آئی نمبر کی تصدیق موبائل ایپلی کیشن، ایس ایم ایس اور پی ٹی اے کی ویب سائٹ کے ذریعے کی جا سکتی ہے اور اگر آپ بھی آئی ایم ای آئی نمبر کی تصدیق کرنا چاہتے ہیں تو ذیل میں دی گئی ہدایات پر عمل کیجئے۔ کسی بھی موبائل فون کا آئی ایم ای آئی نمبر حاصل کرنے کیلئے فون میں #06#* ملائیں، سکرین پر آئی ایم ای آئی نمبر ظاہر ہو جائے گا۔ ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیق کیلئے آئی ایم ای آئی نمبر لکھیں اور 8484 پر بھیج دیں۔ اینڈرائڈ سمارٹ فونز کیلئے دستیاب پی ٹی اے کی ایپلی کیشن کے ذریعے آئی ایم ای آئی نمبر کی تصدیق کرنا بھی انتہائی آسان ہے۔ یہاں کلک کر کے ایپلی کیشن ڈاﺅن لوڈ کریں، ایپلی کیشن کے ہوم پیج پر دئیے گئے خانے میں آئی ایم ای آئی نمبر لکھیں اور چیک کا بٹن دبا دیں۔ پی ٹی اے نے اس مقصد کیلئے خصوصی ویب سروس کا آغاز بھی کر رکھا ہے ، آپ دی گئی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے آئی ایم ای آئی کی تصدیق کرلیں۔