اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایپل نے اپنے مہنگے ترین آئی فون ایکس ایس (10 ایس) اور ایکس ایس میکس (10 ایس میکس) کے چارجنگ مسئلے کو حل کرنے کے لیے ایک حل پیش کیا ہے تاکہ صارفین کو اس مشکل سے بچایا جاسکے۔ آئی فون ایکس ایس یا آئی فون 10 ایس، اصل نام کیا ہے؟ گزشتہ ہفتے یہ بات سامنے آئی تھی کہ ایپل کے متعدد نئے آئی فونز نے چارج ہونے سے انکار کردیا تھا۔
جس پر سے اسے ‘چارج گیٹ’ کا نام دیا گیا تھا۔ متعدد صارفین نے ایپل سپورٹ کمیونٹیز، ریڈیٹ، میک ریومرز، ٹوئٹر اور یوٹیوب میں شکایت کی تھی اور ان کا کہنا تھا کہ ان کے آئی فونز اس وقت تک چارج نہیں ہوتے جب تک اسکرین ایکٹیو نہ ہو، اس کے لیے انہیں لائٹننگ کیبل نکال کر فون کو دوبارہ چارجنگ کے لیے ری پلگ کرنا پڑتا ہے۔ آسان الفاظ میں آئی فون ایکس ایس یا آئی فون ایکس ایس میکس اس وقت چارج نہیں ہوتے جب وہ وال چارجر پر اسٹینڈبائی موڈ پر چارج ہورہے ہوں، ان میں بیشتر فونز منجمند ہوجاتے ہیں اور دوبارہ ری سیٹ کرنا پڑتے ہیں۔ اب اس مسئلے کے حل کے لیے ایپل نے حل نئے سافٹ وئیر اپ ڈیٹ میں پیش کیا ہے۔ آئی او ایس 12.1 میں یہ اپ ڈیٹ کی جائے گی جو کہ فی الحال صرف بیٹا ورژن میں دستیاب ہے مگر بہت جلد صارفین کی ڈیوائسز میں اسے اپ ڈیٹ کردیا جائے گا۔ مہنگے ترین آئی فون ایکس ایس میکس کی اصل لاگت کیا ہے؟ ایپل نے باضابطہ طور پر اس بگ کے بارے میں کوئی بات نہیں کی مگر رپورٹس کے مطابق آئی او ایس اپ ڈیٹ کے ذریعے اس مسئلے کو حل کیا جائے گا۔ پہلے کہا جارہا تھا کہ یہ مسئلہ صرف آئی فون ایکس ایس اور ایکس ایس میکس تک محدود ہے مگر پرانے آئی فونز میں بھی یہ مسئلہ سامنے آیا، جس سے عندیہ ملا کہ درحقیقت یہ آئی او ایس 12 میں مسئلہ تھا، جس وجہ سے کمپنی کے لیے اس حل کرنا آسان ہے۔ یہ واضح نہیں کہ یہ بگ آئی او ایس میں کس وجہ سے آیا اور ایپل اس کے لیے آپریٹنگ سسٹم میں کیا تبدیلی کرے گی۔