نیویارک(این این آئی)فیس بک نے اپنے ایک بڑے مقصد میں آخرکار کامیابی حاصل کرلی ہے اور اپنی حریف اپلیکشن اسنیپ چیٹ کو کچل کر رکھ دیا ہے۔امریکی ٹی وی کے مطابق فیس بک نے اپنے اسٹوریز فیچر کو استعمال کرنے والے صارفین کے اعدادوشمار جاری کیے ہیں جو کہ اسنیپ چیٹ کے لیے کسی بھیانک خواب سے کم نہیں۔نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران فیس بک کی جانب سے بتایا گیا۔
اس وقت فیس بک اور میسنجر پر 30 کروڑ صارفین روزانہ اسٹوریز فیچر کو استعمال کررہے ہیں۔فیس بک کے ریسرچ منیجر لز کینیسکی نے بتایاکہ صارفین میسنجر یا فیس بک پر بھی جو بھی اسٹوری پوسٹ کرتے ہیں، وہ دونوں پلیٹ فارمز پر نظر آتی ہے، تو اسی لیے ہم اسے ایک اسٹوری ہی گنتے ہیں، دو نہیں۔کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ صارفین میسنجر پر اسٹوریز زیادہ پوسٹ کرتے ہیں یا فیس بک ایپ پر، مگر رواں سال مئی میں اس کا کہنا تھا کہ فیس بک اسٹوریز کے 15 کروڑ ڈیلی صارفین ہیں جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں یہ تعداد 7 کروڑ تھی۔تو امکان یہ ہے کہ 30 کروڑ میں زیادہ تعداد میسنجر صارفین کی ہوگی، تاہم یہ واضح ہے کہ آخرکار فیس بک نے اپنی مرکزی ایپ میں اسٹوریز کے فیچر کو کامیاب بنادیا ہے۔خیال رہے کہ یہ فیچر اسنیپ چیٹ نے متعارف کرایا تھا جس کے مجموعی صارفین کی تعداد صرف 18 کروڑ ہے۔