اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) رواں سال کا سب سے ‘بہترین’ اینڈرائیڈ اسمارٹ فون 9 اکتوبر کو سامنے آئے گا۔ جی ہاں ہم بات کر رہے ہیں گوگل کی ‘پکسل سیریز’ کے نئے فونز کی، جو کہ کمپنی 9 اکتوبر کو متعارف کرانے والی ہے۔ کیمرے، آپریٹنگ سسٹم اپ ڈیٹس اور چند دیگر فیچرز کے باعث گوگل پکسل سیریز کو بہترین اینڈرائیڈ فونز قرار دیا جاتا ہے جس کے بارے میں گزشتہ سال کمپنی نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کے بیک پر ایک کیمرہ بھی دیگر فونز کے ڈوئل رئیر کیمرہ سیٹ اپ سے بہتر کام کرتا ہے۔ گوگل کی جانب سے نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران ‘پکسل تھری’ اور ‘پکسل تھری ایکس ایل’ کو پیش کیا جائے گا۔ ویسے تو اس فون کی
تصاویر پہلے ہی لیک ہوکر سامنے آچکی ہیں، جن سے ڈیزائن اور بیشتر فیچرز کا اندازہ کیا جاسکتا ہے۔ ڈیزائن کے لحاظ سے یہ فون گزشتہ سال جیسے ہی ہوں گے تاہم پکسل تھری ایکس ایل میں آئی فون ایکس جیسا نوچ دیا جارہا ہے۔ اسی طرح وائرلیس چارجنگ اور آل گلاس ڈیزائن بھی ان فونز کا حصہ ہوگا، پکسل تھری 5.5 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ دوسرا فون 6.4 انچ کے ڈسپلے سے لیس ہوگا۔ اور ہاں بیک پر تو ایک کیمرہ ہوگا مگر دونوں فونز کے فرنٹ پر ڈوئل کیمرہ سیٹ اپ دیا جارہا ہے جبکہ دونوں 8 میگا پکسل سنسر ہوں گے۔ دونوں فونز میں اسنیپ ڈراگون 845 پراسیسر ہوگا جبکہ اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم پر کام کرے گا۔