اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سام سنگ کا پہلا فولڈ ایبل فون کی تیاری اور لانچ کی افواہیں تو برسوں سے سامنے آرہی ہیں مگر اب جنوبی کورین کمپنی نے اس کی تاریخ رونمائی کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے۔ گلیکسی ایکس یا گلیکسی ایف کے ممکنہ نام سے متعارف کرائے جانے والے اس فون کے بارے میں متعدد تفصیلات سامنے آچکی ہیں اور اب یہ معلوم ہوچکا ہے کہ اسے کب دیکھا جاسکے گا۔
اور اس بار سام سنگ اس فون کو سامنے لانے میں تاخیر نہیں کرسکتی کیونکہ چینی کمپنی ہیواوے نے بھی بہت جلد ایک فولڈ ایبل فون کو متعارف کرانے کا اعلان کررکھا ہے۔ سام سنگ کے موبائل ڈویژن کے سربراہ ڈی جے Koh نے گزشتہ دنوں ایک انٹرویو کے دوران یہ انکشاف کیا کہ ان کی کمپنی فولڈ ایبل فون کو رواں سال کے آخر بلکہ نومبر میں متعارف کراسکتی ہے۔ خیال رہے کہ نومبر میں سام سنگ کی ڈویلپر کانفرنس ہورہی ہے جس میں یہ فون سامنے آسکتا ہے تاہم یہ فروخت کے لیے کب پیش کیا جائے گا، اس بارے میں انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ ہیواوے کی جانب سے فلیگ شپ فون میٹ 20 سیریز کی نئی ڈیوائسز اکتوبر میں متعارف کرائی جائیں گی اور ہوسکتا ہے کہ اس موقع پر وہ اپنے فولڈ ایبل فون کے حوالے سے کوئی اعلان کرے۔ سام سنگ کا فولڈ ایبل فون اینڈرائیڈ آپریٹنگ سسٹم پر کام کرے گا جس کا ڈسپلے تہہ یا فولڈ ہوجائے گا۔ کمپنی کو توقع ہے کہ بیزل لیس ڈیزائن یقیناً اس وقت صارفین کو پسند آرہے ہیں مگر فولڈ ایبل فون ہر ایک کے دلوں کو چھو لے گا، جس کی اسکرین کسی ٹیبلیٹ جیسی ہوگی مگر فولڈ ہوکر وہ عام فون جیسا ہوجائے گا۔ ویسے یہ جان لیں کہ سام سنگ کا یہ فون جب بھی صارفین کے لیے دستیاب ہوا تو محدود تعداد میں ہوگا اور اس کی قیمت 2 ہزار ڈالرز تک ہونے کا امکان ہے۔