اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایل جی اور سام سنگ نے دنیا کے پہلے 8 کے ٹیلیویژن متعارف کرا دیئے ہیں۔ 8 کے ٹیلی ویژن کی اسکرین میں 7680×4320 پکسلز موجود ہوں گے جبکہ 4 کے ٹی وی میں 3840×2160 پکسلز دیئے جاتے ہیں، یعنی ریزولوشن کے لحاظ سے 4 گنا بہتر۔ دونوں کمپنیوں کی جانب سے برلن میں جاری آئی ایف اے ٹیکنالوجی نمائش کے دوران یہ ٹی وی متعارف کرائے گئے۔ سام سنگ کا کیو900 آر کیو ایل ای ڈی ٹی وی کی پہلی جھلک رواں سال کے شروع میں سی ای ایس ایونٹ کے دوران کانسیپٹ ماڈل کے طور پر پیش کی گئی
تھی۔ مگر اب اسے حقیقت کا روپ دے دیا گیا ہے جسے لوگ خرید بھی سکیں گے۔ 8 کے ریزولوشن کے ساتھ اس مین اے آئی ٹیکنالوجی بھی دی گئی ہے اور کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ ایچ ڈی آر 10 پلس اسٹینڈرڈ کو سپورٹ کرے گا۔ یہ ٹی وی 65، 75، 82 اور 85 انچ کے ماڈلز میں دستیاب ہوگا تاہم کمپنی نے قیمت یا دستیابی کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا۔ دوسری جانب ایل جی نے بھی 8 کے او ایل ای ڈی ٹی وی متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کے مطابق فی الحال 8 کے ٹی وی کی مارکیٹ اتنی زیادہ نہیں مگر توقع ہے کہ ہم اس کی قیادت کریں گے۔ ایل جی کا یہ 77 انچ کا ٹی وی 15 ہزار ڈالرز میں فروخت کیا جائے گا۔