اسلام آباد (این این آئی)جشن آزادی کا مہینہ شروع ہوتے ہی سوشل میڈیا بھی سبز و سفید رنگ میں رنگ گیا اور خاص طور پر پاکستان میں ٹوئٹر پر لوگوں نے ملک سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ’’ پاکستان سے پیار کرو’’ کے نام سے ہیش ٹیگ بنالیا جو ٹاپ ٹرینڈ کرتا رہا۔ٹوئٹر پر بنائے گئے ہیش ٹیگ #پاکستان_سے_پیار_کرو میں ٹوئٹر صارفین ملک سے اپنی محبت، خیالات اور جذبات کا اظہار کررہے ہیں اور خاص طور پر صارف پاکستان کا سبز ہلالی پرچم اور دیگرمتاثر کن تصاویر پوسٹ کر کے اپنی والہانہ عقیدت کا اظہار بھی کررہے ہیں۔سیدہ کوثر نسیم نے کہاکہ پاکستان ہمارا ملک ہے اس لیے ظاہر سی بات ہے کہ ہم پاکستان سے پیار کرتے ہیں۔کاشف پاکستانی ملک سے اظہار محبت کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں۔ٹوئٹر صارف مریم امجد نے لکھا کہ پاکستان سے پیار کیوں نہ کریں، پاکستان سے ہمیشہ پیار کرتے تھے اور کرتے رہیں گے جس میں کوئی دو رائے نہیں کیونکہ ہم پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔تھوڑا طنزیہ انداز اپناتے ہوئے بلال افضل راجہ نے لکھا کہ اگر امریکا اپنی شہریت دے دے تو ہر پاکستانی وہاں جانا پسند کریگا اس لیے ملک سے پیار کرو تاہم صرف سوشل میڈیا پر ہی نہیں۔واجد عزیز ایڈووکیٹ نے کہا کہ پاکستان صرف زمین کے ایک ٹکڑے کا نام نہیں بلکہ یہ ہم پر خاص کرم ہے اس لیے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہمیں 100 فیصد صلاحیتوں کا استعمال کرنا چاہیے۔عمران خان نے کہا کہ پاکستان سے پیار کرو اور ملک کے لیے جو کچھ کر سکتے ہو وہ کرو اور پاکستانی ہونے پر فخر کرو۔بلال رانا نے لکھا کہ اگر آپ واقعی پاکستان سے محبت کرتے ہیں تو پھر پاکستان پر کیچڑ اچھالنا بند کریں اور گند کو کچرے کے ڈبے میں ڈالیں۔عبداللہ وانی نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ پاکستان سے پیار کرو چاہے اس ملک کے لیے تمھاری جان ہی چلی جائے۔