اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تعلیمی ٹیلی ویژن چینل کے قیام کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا ہے، پیمرا سے اجازت کے بعد نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا جائے گا۔ اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بتایا کہ ای لرننگ اور آن لائن تعلیم کو فروغ دینے کیلئے یونیورسٹی کام کر رہی ہے۔ اس سلسلہ میں متعدد اقدامات شروع کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تعلیمی ٹیلی ویژن چینل کے قیام کیلئے ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ پیمرا سے اجازت کیلئے رجوع کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر شاہد صدیقی نے بتایا کہ یونیورسٹی کے ایف ایم ریڈیو کے اوقات کار میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ آئندہ سال تک یونیورسٹی کے سات علاقائی کیمپسز میں ریڈیو کی نشریات کا آغاز کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی آئندہ سمسٹر سے پی ایچ ڈی اور آئندہ سال سے ایم فل کی ڈگری آن لائن شروع کر رہی ہے۔ یونیورسٹی ملک میں بڑھتی ہوئی میڈیا کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے آئندہ سمسٹر سے آڈیو وڈیو ایڈیٹنگ کے شارٹ کورسز بھی شروع کرے گی۔