نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارت میں دنیاکا سستا ترین موبائل فون متعارف کرادیاگیا ہے جبکہ عوام اگلے ہفتے سے صرف 251روپے مالیت کا سمارٹ فون خرید سکیں گے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق ’رِنگِنگ بیلز‘ نامی کمپنی کا ’فریڈم دو سو اکیاون‘ نامی یہ موبائل فون دو سو اکیاون روپے میں دستیاب ہو گا۔ کمپنی کے چیف ایگزیکٹو موہیت گوئل نے بتایا کہ اس موبائل فون کے دو لاکھ سیٹوں کی پہلی کھیپ آئندہ ہفتے بازار میں آ جائے گی۔ جہاں دنیا کے اس سستے ترین فون کی وجہ سے بھارت کے کروڑوں غریب باشندوں کو بھی موبائل فون تک رسائی کی سہولت مل جائے گی، وہیں مزدوروں کے حقوق کے علمبردار حلقوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سستے آلات بنانے کی دوڑ میں مزدوروں کے حقوق پامال بھی ہو سکتے ہیں۔