واشنگٹن( آن لائن ) بین الاقوامی خلائی اسٹیشن ( آئی ایس ایس ) نے سیارہ زمین کے گرد ایک لاکھ چکر مکمل کرلیے جب کہ ناپنے کی صورت میں یہ فاصلہ 2.6 ارب میل ہے۔اس ہفتے اہم سنگِ میل عبور کرنے والے خلائی اسٹیشن کا پہلا ماڈیول 17 برس قبل خلا میں بھیجا گیا تھا۔ اب تک اس نے جو فاصلہ طے کیا ہے وہ مریخ سے آنے اور جانے کے 10 چکروں کے برابر ہے۔ اس منصوبے میں کئی ممالک شامل ہیں جن میں کینیڈا، جاپان، روس اور یورپی خلائی ایجنسی کا کردار شامل ہے۔ یہ خلائی اسٹیشن زمین سے 400 کلومیٹر کی بلندی پر 27 ہزار 600 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اپنا سفر طے کرتا ہے۔اس خلائی اسٹیشن پر مسلسل ساڑھے 15 سال تک انسان موجود رہے اور دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے 220 خلانوردوں نے یہاں وقت گزارا اور مختلف سائنسی تجربات کیے۔واضح رہے کہ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن زمین کے گرد بہت تیزی سے گھوم رہا ہے اور 90 منٹ میں ایک چکر مکمل کرلیتا ہے۔ یہاں 47 افراد کا مستقل عملہ ہے جو خلائی اسٹیشن کی دیکھ بھال کرتا ہے۔ اسی اسٹیشن سے زمین کی کم از کم 30 لاکھ تصاویر لی جاچکی ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں