سان فرانسسکو(نیوز ڈیسک) انٹرنیٹ پر موجود بہت ساری سہولیات میں سے ایک سرفنگ کے ذریعے رقم کمانا بھی شامل ہے۔ اچھی خبر یہ ہے کہ فیس بک کے ایک مجوزہ فیچر کے ذریعے بہت جلد عام صارفین بھی کچھ رقم کما سکیں گے۔اکثر لوگ فیس بک پر بڑی عرق ریزی سے تحریریں لکھتے ہیں۔ بظاہر اْن کی تحریروں کو ملنے والے لائیکس ہی ان کی محنت کا معاوضہ ہوتے ہیں لیکن اب فیس بک کرنے جا رہا ہے کچھ نیا۔جی ہاں ! فیس بک اب ٹپ جار کا ایک نیا فیچر متعارف کرارہا ہے جس میں لوگ کچھ رقم بطور ٹپ شامل کرسکیں گے۔ اس فیچر سے نہ صرف لوگ اپنی محنت کے عوض کچھ رقم کما سکیں گے بلکہ کسی نیک مقصد کے لیے چندہ بھی جمع ہو سکے گا۔ یعنی اب کسی پوسٹس پر آپ بہت سارے لائیکس اور شیئر کے علاوہ پیسے بھی حاصل کر سکیں گے۔فیس بک نے حال میں ایک سروے کا انعقاد کیا تھا، جس میں لوگوں سے پوچھا گیا تھا کہ وہ فیس بک میں کون سے نئے فیچرز دیکھنا چاہتے ہیں تو اکثریت نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فیس بک کے ذریعے لوگوں کو رقم حاصل کرنے کی سہولت ملنی چاہیے۔ صارفین کی پسند کو مدنظر رکھتے ہوئے فیس بک نے ’’ٹپ جار‘‘ فیچر شامل کرنے پر کام شروع کر دیا ہے اور امید ہے اسے جلد فیس بک میں شامل کر دیا جائے گا۔فیس بک پہلی ویب سائٹ نہیں جو یہ سہولت دے رہی ہے یوٹیوب پر اس طرح کا فیچر کئی سالوں سے موجود ہے جس میں لوگ مختلف چینلز بنا کر اس سے وابستہ اشتہارات کے ذریعے اچھی رقم کمارہے ہیں۔