اسلام آباد (نیوزڈیسک)پاکستان میں 3G اور 4Gانٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کا دعویٰ تو ہر موبائل فون کمپنی کرتی ہے مگر کچھ کمپنیوں کی سروس اس قدر ناقص ہے کہ اسے سراسر دھوکہ کہا جائے تو غلط نہ ہوگا۔ پاکستانی ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی ( پی ٹی اے ) نے اپنی تازہ ترین کوالٹی آف سروس رپورٹ میں نہ صرف ایسی کمپنیوں کا پول کھول دیا ہے بلکہ بہترین سروس فراہم کرنے والی کمپنی کا نام بھی سب کے سامنے آ گیا ہے۔ ویب سائٹ پروپاکستانی کی رپورٹ کے مطابق موبائل ڈیٹا سپیڈ ( موبائل فون پر دستیاب انٹرنیٹ کی سپیڈ ) کے مقابلے میں زونگ (Zong) نے تمام کمپنیوں کو واضح فرق کے ساتھ شکست دے دی ہے، جبکہ ٹیلی نا ر وہ کمپنی ہے کہ جس کے انٹرنیٹ کی رفتار بڑھنے کی بجائے کم ہو رہی ہے۔ سروے رپورٹ کے مطابق اول نمبر پر آنیوالی کمپنی زونگ کے 3G انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 7.71 Mbps ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آنیوالی کمپنی موبی لنک کی اوسط 3Gانٹرنیٹ سپیڈ 5.04 Mbps ہے۔ یوفون کی اوسط 3G سپیڈ 1.17 جبکہ ٹیلی نار کی اوسط 3Gسپیڈ 1.94 Mbps ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی اے کے گزشتہ کوالٹی آف سروس سروے میں ٹیلی نار کی اوسط 3Gسپیڈ 2.2 Mbps تھی، جو اس سروے میں کم ہو کر 1.94 Mbps پر آچکی ہے۔ طاقتور سگنلز کے شعبے میں بھی زونگ اول نمبر پر رہی، جبکہ موبی لنک کا دوسرا ، ٹیلی نار کا تیسرا اور یوفون کا چوتھا نمبر رہا۔ 2Gنیٹ ورک کی دستیابی میں بھی اول پوزیشن زونگ کی رہی ، دوسرے نمبر پر وارد ، تیسرے نمبر پر ٹیلی نار ، چوتھے پر موبی لنک اور پانچویں پر یوفون رہی۔ آواز کی کوالٹی کے شعبے میں ٹیلی نار سرفہرست رہی، جبکہ یوفون دوسرے ، موبی لنک اور وارد تیسرے اور زانگ چوتھے نمبر پر رہی۔SMS کامیابی سے پہنچانے میں زونگ کا پہلا نمبر رہا ، دوسرے نمبر پر ٹیلی نار اور یوفون ، وارد تیسرے اور موبی لنک چوتھے نمبر پر رہی۔