پیرس(نیوز ڈیسک) چھتریاں برسوں سے سے ایک ہی طرح سے بنائی اور استعمال کی جا رہی ہیں لیکن اب فرانس میں تیار کردہ ایک چھتری کو موسمیاتی اسٹیشن کہا جاسکتا ہے جو سوشل نیٹ ورک سے رہنمائی لیتی رہتی ہے۔اس جدید چھتری کو ’’اومبریلا‘‘ کا نام دیا ہے جس میں نصب سینسر ممکنہ بارش سے پہلے ہی خبردار کرسکتے ہیں اور اگر آپ اسے بس یا گھر میں بھول جائیں تو چھتری آپ کے فون پر اس کی اطلاع دیتی ہے۔ چھتری میں نصب حساس سینسر آدھے گھنٹے کا موسم پہلے ہی بتادیتے ہیں اور سوشل میڈیا سے ہاتھوں ہاتھ معلومات لے کر علاقے کے دیگر حصوں یا دوسری اومبریلا سے جڑ کر آپ کو علاقے کا احوال سناتے ہیں۔ اومبریلا کو شوخ رنگوں سے بنایا گیا ہے تاکہ یہ نمایاں دکھائی دے سکے۔اومبریلا کی یہی خاصیت اسے ’’اسمارٹ اور کنیکٹڈ ‘‘ بناتی ہے، اس میں کئی سینسر لگے ہیں جو روشنی ، ہوا میں نمی اور درجہ حرارت نوٹ کرکے آپ کے اسمارٹ فون کو فراہم کرتے ہیں جو اسے چھوٹا موبائل موسمیاتی اسٹیشن بناتے ہیں۔ چھتری میں موجود جی پی ایس ٹریکر چھتری بھول جانے کی صورت میں اپنے مالک کے اسمارٹ فون پر اطلاع دیتا ہے۔ابتدائی آزمائش میں لوگوں نے اسے تھوڑا وزنی قرار دیا جس کے بعد اس کے ہلکے وزن پر کام جاری ہے اور مارچ میں اسے فرانس کی دکانوں پر فروخت کیا جائے گا جب کہ آن لائن فروخت اسی سال کے آخر تک متوقع ہے۔ چھتری کی قیمت 60 سے 80 ڈالر یعنی 6 سے 8 ہزار پاکستانی روپے کے برابر ہے۔