دبئی سٹی (نیوزڈیسک) متحدہ عرب امارات میں الفتیم ہونڈا نے اپنی ہونڈا سٹی 2014 گاڑیوں میں ممکنہ مسائل کی وجہ سے ان کی واپسی برائے سروس کی مہم کا اعلان کردیا ہے۔نیوز سائٹ ایمریٹس 247 کے مطابق کمپنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی کچھ گاڑیوں میں سی وی ٹی سافٹ ویئر مسائل کی وجہ سے ہائی ہائیڈرولک پریشر پیدا ہونے کا مسئلہ ہوسکتا ہے۔ اس ہائی پریشر کی وجہ سے شافٹ کے ٹوٹنے کا مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے جس کا نتیجہ رفتار میں کمی یا سامنے والے پہیوں کے دوران ڈرائیونگ لاک اپ ہوجانے کی صورت میں سامنے آ سکتا ہے۔کمپنی نے اپنے کسٹمرز سے درخواست کی ہے کہ اگر ان کی گاڑی کا وہیکل آئیڈینٹی فیکیشن نمبر (VIN) EP030001 سےEP030648 کی رینج میں آتا ہے تو وہ کمپنی کے کسٹمر کیئر سینٹر سے رابطہ کریں یا سروس بکنگ کے لئے کمپنی کی ویب سائٹ استعمال کریں۔ کمپنی کا یہ بھی کہنا ہے کہ کسٹمرز گاڑی کا وی آئی این یاچیسز نمبر ڈرائیور کی طرف والے دروازے کے چوکھٹے پر لگی پلیٹ یا ڈرائیور کی ہی طرف ڈیش بورڈ کے اوپر لگی پلیٹ سے دیکھ سکتے ہیں۔