نیویارک( یوز ڈیسک ) نیٹ ورکنگ کی معروف ویب سائٹ ٹوئٹر نے غیر اخلاقی، فحش اور ایسے کسی بھی مواد کی اشاعت کی روک تھام کیلئے پالیسی تیار کرلی ہے جس کی وجہ سے اس کے دیگر یوزرز کی دل آزاری ہوتی ہے۔ اس حوالے سے ٹوئٹر کے سی ای او ڈک کوسٹولو نے بتایا ہے کہ نئے قوانین کے تحت جو شخص بھی ٹوئٹر کے قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کے اکاؤنٹ کو فوری طور پر لاک کردیا جائے گا۔دوسری جانب ٹوئٹر کی جانب سے مذکورہ مواد کے حوالے شکایت کرنے والے شخص سے اپنی شناخت کی درخواست کی جائے گی اور ان سے یہ حلف لیا جائے گا کہ مذکورہ مواد کو ٹوئٹر پر شیئر کرنے کے حوالے سے ان سے اجازت نہیں لی گئی تھی۔ واضح رہے کہ ٹوئٹر پر ان دنوں ایسے منتقم مزاج افراد کا راج ہے جو بریک اپس کے بعد اپنی گرل فرینڈز یا کسی بھی لڑکی کو بلیک میل کرنے کیلئے اس کی تصاویر شائع کرتے ہیں۔ اسی سبب ٹوئٹر پر شکایات کی بھرمار ہوچکی ہے۔ ان شکایات کے بعد ٹوئٹر نے اپنے استعمال کنندگان کو یہ تسلی دی تھی کہ وہ عنقریب نئے قوانین لانے والے ہیں ۔ نئے قوانین کے تحت لاک شدہ اکاؤنٹ اس وقت تک ان لاک نہیں کیا جائے گا، جب تک کہ اکاؤنٹ سے مذکورہ مواد ہٹا نہیں دیا جاتا۔ اس حوالے سے ٹوئٹر نے تاحال میڈیا آفیشلز کو باقاعدہ کوئی بریفنگ نہیں دی ہے اور یہ خبریں اس سرکولر کے ذریعے لیک ہوئی ہیں جو کہ ٹوئٹر کے سی ای او کی جانب سے اپنے ملازمین کے نام جاری کیا گیا ہے۔