ماتلی(این این آئی) شہر میں 24 سالہ نوجوان کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے، واقعے کی ویڈیو بنانے اور بعد ازاں اسی ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرنے کا سنگین واقعہ سامنے آیا ہے،
جس پر پولیس نے پانچ نامزد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔مقدمے کے مدعی امیر بخش ٹالپر، جو ماتلی میں مٹھائی کی دکان چلاتے ہیں، نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ان کا بیٹا دانش علی دکان بند کرکے گھر واپس جا رہا تھا کہ راستے میں محلے کے پانچ افراد اسے اپنے ساتھ لے گئے۔مدعی کے مطابق ملزمان نوجوان کو اسسٹنٹ کمشنر آفس کے قریب ایک مقام پر لے گئے، جہاں اسے یرغمال بنا کر مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر اس دوران واقعے کی ویڈیو بھی بنائی اور بعد ازاں اسے خاموش رہنے پر مجبور کرنے کے لیے ویڈیو کے ذریعے بلیک میل کرتے رہے۔
واقعے کا مقدمہ ماتلی تھانے میں علی اکبر شاہ، احسان ماچھی، سھیو ماچھی، محبوب اور جہانگیر چانڈیو کے خلاف درج کرلیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، تاہم تفتیش کے نتائج اور مقدمے میں نامزد ملزمان کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



















































