حیدرآباد(این این آئی) حیدرآباد پولیس نے حساس ادارے کا جعلی کرنل بن کر گھومنے والے ملزم کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے جعلی سروس کارڈز، پستول، واکی ٹاکی، دو موبائل فون اور سرکاری نمبر پلیٹ لگی گاڑی برآمد کرلی۔
پولیس کے مطابق ایس ڈی پی او کینٹ پارس بکرانی کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے چیکنگ کے دوران تمبورا چوک روڈ پر کالے شیشوں اور سرکاری نمبر پلیٹ والی سفید کرولا کار کو روکا۔ گاڑی میں سوار شخص نے اپنا تعارف حساس ادارے کے کرنل قیصر طاہر کے نام سے کرایا اور پولیس کو سروس کارڈ بھی دکھایا۔پولیس کو شبہ ہونے پر ملزم سے مزید پوچھ گچھ کی گئی تو اس کے پیش کردہ سروس کارڈ اور شناختی کارڈ پر درج ناموں میں فرق سامنے آیا۔ تحقیقات کے دوران ملزم کی شناخت محمد عظیم جدون کے نام سے ہوئی، جو اپنے بارے میں تسلی بخش جواب نہیں دے سکا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے دو جعلی سروس کارڈز، ایک پستول، واکی ٹاکی، دو موبائل فون اور دیگر کارڈز برآمد کیے، جبکہ گاڑی پر سرکاری محکمے کی جعلی نمبر پلیٹ اور کالے شیشے بھی لگے ہوئے تھے۔
کینٹ پولیس نے ملزم کے خلاف خود کو جعلی افسر ظاہر کرنے، دھوکہ دہی اور جعلی دستاویزات استعمال کرنے سمیت دیگر متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ نمبر 178/2026 درج کرکے اسے حراست میں لے لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔



















































