اسلام آباد (نیوذ ڈ یسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر نے متحدہ عرب امارات کو پاکستان کا برادر اسلامی ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی نے نمایاں کردار ادا کیا ہے، اس لیے پاکستانی شہریوں کے ساتھ اچھا برتاؤ ہونا چاہیے۔
پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے اسد قیصر نے بتایا کہ وہ خود سفر کے دوران ایک ناخوشگوار صورتحال سے دوچار ہوئے۔ ان کے مطابق پرواز منسوخ ہونے کے بعد انہوں نے ہوٹل میں قیام کی کوشش کی، تاہم وہاں پاکستانی مسافروں کے ساتھ مبینہ طور پر مناسب رویہ اختیار نہیں کیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہیں اس وقت مزید افسوس ہوا جب اعلان کیا گیا کہ صرف بھارت اور امریکا کے پاسپورٹ رکھنے والے مسافروں کو سہولت فراہم کی جائے گی۔ ان کے مطابق انہوں نے اس معاملے پر احتجاج بھی کیا، کیونکہ پاکستانی شہریوں کے ساتھ امتیازی سلوک کا تاثر پیدا ہوا۔
اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، اس لیے ایسے معاملات کو سفارتی سطح پر اٹھایا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام یو اے ای کی حکومت اور عوام کا احترام بھی کرتی ہے اور ان سے محبت بھی کرتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک وفد نے بھی ان سے ملاقات کرکے متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کے ساتھ نامناسب رویے کی شکایت کی۔ اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان تنازع کے دوران بھی مثبت کردار ادا کیا ہے، لہٰذا وزارت خارجہ اور وزیر خارجہ کو چاہیے کہ وہ اس معاملے پر متحدہ عرب امارات کے حکام سے بات کریں۔
دوسری جانب اسد قیصر نے عمران خان سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کا بھی خیرمقدم کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو فوری طور پر اسپتال منتقل کرنے اور ذاتی معالجین کی نگرانی میں مناسب طبی سہولیات فراہم کرنے کا عدالتی حکم ان کے بنیادی، آئینی اور قانونی حقوق کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر فوری اور مکمل عملدرآمد کیا جائے گا اور عمران خان کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کے ساتھ ساتھ اپنے ذاتی ڈاکٹروں، اہل خانہ اور سیاسی ساتھیوں سے ملاقات سمیت دیگر قانونی و جائز حقوق بھی فراہم کیے جائیں گے۔



















































