اسلام آباد (نیوز ڈیسک) متوقع برفانی طوفان کے پیشِ نظر ڈی پی او مری نے شہریوں اور سیاحوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ڈاکٹر رضا تنویر کے مطابق آج شام سے کل شام تک مری اور گردونواح میں شدید برفباری متوقع ہے، جس کے باعث لوگوں کو رات کے اوقات میں مری کا سفر نہ کرنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔
ڈی پی او مری کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے نتیجے میں سڑکوں پر برف جمنے سے شیشہ نما سخت سطح بن سکتی ہے، جس پر گاڑیوں کے بریک مؤثر طریقے سے کام نہیں کرتے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اندھیرے اور دھند کے دوران رات کا سفر نہایت خطرناک ہو سکتا ہے جبکہ ان حالات میں برف صاف کرنے والی مشینری کی کارروائی بھی دشوار ہو جاتی ہے۔
ڈاکٹر رضا تنویر نے مزید بتایا کہ حفاظتی اقدامات کے تحت سنو چین کے بغیر کسی بھی گاڑی کو مری میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے مسافروں کو ہدایت کی کہ روانگی سے قبل گاڑی کا فیول ٹینک مکمل بھروا لیں، گاڑی کی مکینیکل حالت تسلی بخش بنائیں اور اس بات کی تصدیق کر لیں کہ بریک، وائپرز، ہیٹر اور ڈی فوگر درست حالت میں کام کر رہے ہوں۔















































