اسلام آباد/لاہور (این این آئی) ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ ہفتہ وقفے وقفے سے بارش اور برفباری کا امکان ہے جس کے حوالے سے این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا اور آزاد کشمیر میں ممکنہ شدید سردی کی لہر کا الرٹ جاری کر دیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائوں کا سلسلہ آج ( جمعہ ) سے بالائی علاقوں میں پہنچے گا اور 20جنوری سے اس سلسلہ کی شدت میں اضافہ ہوگا۔مغربی ہوائوں کا یہ سلسلہ 21جنوری سے مختلف علاقوں کو لپیٹ میں لے گا، آج (جمعہ ) سے 19جنوری کے دوران گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 18سے 20جنوری کے دوران مری اور گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے، 20سے 23جنوری کے دوران اسلام آباد میں بارش جبکہ پنجاب کے مختلف اضلاع مری، گلیات میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
اسی طرح 23جنوری کو خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں دوبارہ بارش اور برفباری کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق 21سے 23جنوری کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری کا امکان ہے جبکہ 22سے 23جنوری کے دوران سندھ کے مختلف مقامات پر بارش کا امکان ہے۔بارش اور برفباری سے بالائی علاقوں میں آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ بالائی خیبر پختونخوا اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ پنجاب، بالائی سندھ اور خیبر پختونخوا میں بارش کے باعث دھند میں کمی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے ہدایت کی ہے کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروروی سفر سے اجتناب کریں۔پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش اور سردی کی شدت میں اضافے بارے الرٹ جاری کر دیا۔ ترجمان کے مطابق 16سے 19جنوری کے دوران مغربی ہواں کا سسٹم پنجاب میں داخل ہوگا، 20سے 23جنوری کے دوران مری گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری اور بارش کا امکان ہے۔پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 20سے 23جنوری کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور، سرگودھا، گجرانوالہ، ساہیوال، ملتان، فیصل آباد، ڈیرہ غازی خان اور بہاولپور ڈویژن میں بارش کا امکان ہے۔لوکل گورنمنٹ، محکمہ صحت، ریسکیو 1122، پولیس اور محکمہ ٹرانسپورٹ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیش نظر تمام تر انتظامات پیشگی مکمل کریں۔ ایمرجنسی کنٹرول رومز میں سٹاف کو 24 گھنٹے الرٹ رکھا جائے۔دوسری جانب این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر نے بھی اس متعلق الرٹ جاری کیا ہے۔ ترجمان کے مطابق آئندہ دنوں میں جنوری کے آخر تک رات اور صبح کے اوقات میں شدید سرد موسم متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں درمیانے سے شدید درجے کی برفباری کا امکان ہے جس کے باعث رابطہ سڑکیں، ٹرانسپورٹ اور بجلی کی فراہمی متاثر ہو سکتی ہے۔پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے اور پھسلن کے خطرات میں اضافہ ہوسکتا ہے لہذا عوام سے احتیاط کی اپیل کی گئی ہے۔ شدید سردی اور برفباری بچوں، بزرگوں اوربیمار افراد کی صحت کو متاثر کر سکتی ہے۔
میدانی علاقوں میں سرد و خشک موسم اور بعض مقامات پر کورا/ پالا پڑنے کا امکان ہے جبکہ فصلوں اور باغات کو نقصان کا خدشہ ہے۔ پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز اور برفباری والے علاقوں میں گاڑی کے ٹائیروں پر حفاظتی زنجیر کے استعمال کی ہدایت کی گئی ہے۔شدید سرد موسم کے دوران گرم کپڑوں اور ہیٹر کا محفوظ استعمال کریں، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھیں۔ صوبائی اداروں اور ضلعی اتنظامیہ کو پہاڑی علاقوں میں ممکنہ برفباری کے پیش نظر پیشگی اقدامات اور ضروری مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔سیاحتی مقامات پر دستیاب وسائل بالخصوص رہائشی مقامات کی دستیابی کو مد نظر رکھتے ہوئے آمدورفت کے لیے اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ موسم سے متعلق مستند معلومات کے لیے ٹی وی، ریڈیو، تصدیق شدہ سوشل میڈیا اکانٹس اور پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے راہنمائی لیں۔این ڈی ایم اے تمام ممکنہ خطرات اور موسمی صورتحال کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو پیشگی آگاہی اور ضروری اقدامات کے لیے ہدایات جاری کر رہا ہے۔















































