اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پنجاب پولیس نے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلانے والے صارفین کے لیے سخت انتباہ جاری کر دیا ہے۔ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کسی بھی فرد یا ادارے کی کردار کشی، فیک نیوز، اے آئی میمز یا ویڈیوز کا غلط استعمال قابل سزا جرم ہے۔ ایسے مواد کو اپنی ویور شپ بڑھانے کے لیے شیئر کرنا قانوناً جرم کے زمرے میں آتا ہے۔
پنجاب پولیس نے واضح کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹی خبریں، من گھڑت مواد، ری ٹویٹ یا فاروڈ کرنے والے افراد کو فیک نیوز پھیلانے کا مرتکب تصور کیا جائے گا۔ ترجمان نے بتایا کہ آئین پاکستان کا آرٹیکل 19 آزادی اظہار رائے فراہم کرتا ہے، لیکن یہ آزادی عدلیہ، ریاست، ملکی سلامتی اور سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہتک آمیز یا غیر مصدقہ مواد کی اجازت نہیں دیتا۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر فیک نیوز، جھوٹی پوسٹس، اے آئی میمز یا ویڈیوز کی تشہیر سے گریز کریں، بصورت دیگر قانون کے مطابق فوری کارروائی کی جائے گی۔















































