کراچی(این این آئی) وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے منگل کو کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی)میں فیری ٹرمینل کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے اس اقدام کو علاقائی اور ساحلی سیاحت کے فروغ اور پاکستان کی بلیو اکانومی کو مضبوط بنانے کی جانب ایک سنگِ میل قرار دیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری سروس کا آغاز پاکستان میں جدید، محفوظ اور پائیدار بحری مسافر ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کے ان کے دیرینہ وژن کی عملی شکل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیری سروس کے اسی ماہ آغاز کی توقع ہے اور یہ منصوبہ وزیراعظم کے بلیو اکانومی کے وژن سے مکمل طور پر ہم آہنگ ہے، جس کا مقصد سمندری وسائل سے جڑی معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینا ہے۔
محمد جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ فیری سروس محض ایک سفری سہولت نہیں بلکہ معاشی مواقع، سیاحت کے فروغ اور علاقائی رابطوں کا نیا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار فیری سروس کا لائسنس جاری کیا گیا ہے، جو بحری شعبے کے لیے ایک تاریخی کامیابی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فیری ٹرمینل کے افتتاح سے کاروباری برادری کا اعتماد مزید مستحکم ہوگا اور یہ نجی شعبے کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حکومتی عزم کا عملی ثبوت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارتِ بحری امور، اس کے ماتحت ادارے بالخصوص بندرگاہیں، پالیسی اصلاحات، انفراسٹرکچر کی ترقی اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے بلیو اکانومی بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کا ذکر کرتے ہوئے جنید انوار چوہدری نے کہا کہ مزید کاروباری شخصیات نے فیری سروس چلانے کے لیے لائسنس حاصل کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کی شمولیت سے بحری سیاحت کو فروغ ملے گا اور روزگار، ٹرانسپورٹ، ہاسپیٹیلٹی اور دیگر متعلقہ شعبوں میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وفاقی وزیر نے کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ پاکستانی بندرگاہوں کے ساتھ کاروبار کے لیے نئے اور تخلیقی آئیڈیاز پیش کریں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وزارتِ بحری امور ہر ممکن تعاون اور سہولت فراہم کرے گی۔انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ پورٹ قاسم اتھارٹی جلد جدید صنعتی زون کے قیام کے منصوبے سامنے لائے گی، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو جدید انفراسٹرکچر فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق یہ صنعتی زون صنعتی سرگرمیوں، برآمدات اور مجموعی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔















































