اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستانی شہری سے اپنی مرضی سے شادی کرنے والی بھارتی خاتون کی وطن واپسی ایک بار پھر مؤخر ہو گئی ہے۔ذرائع کے مطابق بھارتی شہری سربجیت کور کو آج واہگہ بارڈر کے ذریعے بھارت بھیجنے کا انتظام کیا گیا تھا اور اس مقصد کے لیے پریڈ بھی مکمل کی گئی، تاہم سفری دستاویزات میں سامنے آنے والی بعض تکنیکی رکاوٹوں کے باعث اس کی روانگی عمل میں نہ آ سکی۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اب سربجیت کور کو 6 جنوری کو واہگہ بارڈر کے راستے بھارت واپس روانہ کیا جائے گا۔
روزنامہ جنگ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارتی خاتون کو عارضی طور پر دارالامان منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ اسے بھارتی حکام کے حوالے کرنے کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آ سکا۔تفصیلات کے مطابق 48 سالہ سربجیت سنگھ کور 4 نومبر کو بھارت سے سکھ یاتریوں کے ایک گروپ کے ساتھ پاکستان پہنچی تھی۔ بعد ازاں اس نے مبینہ طور پر اسلام قبول کیا اور ضلع شیخوپورہ کے رہائشی ناصر حسین سے پسند کی شادی کر لی تھی، جس کے بعد یہ معاملہ توجہ کا مرکز بن گیا۔















































