اسلام آباد (نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست اتر پردیش میں ایک حیران کن واقعہ اس وقت پیش آیا جب دُلہا نے شادی کے بعد اپنی ہی دُلہن کو ماننے سے انکار کر دیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق جھارکھنڈ کی رہائشی ایک لڑکی اور سون بھدر کے ایک نوجوان کے درمیان فیس بک پر دوستی ہوئی، جو وقت کے ساتھ شادی میں بدل گئی۔ دونوں کی آن لائن گفتگو اور ویڈیو کالز نے ان کے رشتے کو مضبوط کیا، ملاقات کے بعد انہوں نے مقامی مندر میں شادی کی اور روایتی 7 پھیروں کی رسم ادا کی۔لڑکی کا کہنا ہے کہ اس نے نوجوان کے ساتھ زندگی گزارنے کے لیے اپنا خاندان چھوڑ دیا، مگر جب وہ شوہر کے گھر پہنچی تو اس نے اسے پہچاننے سے ہی انکار کر دیا اور کہا، ’’معاف کیجیے، آپ کون ہیں؟ میں آپ کو نہیں جانتا۔
‘‘یہ صورتحال دیکھ کر لڑکی بے حد مایوس ہوئی اور روتے ہوئے گھر کے باہر دھرنا دے دیا۔ معاملہ بڑھنے پر اہلِ علاقہ جمع ہو گئے اور پولیس کو بیچ میں آنا پڑا۔متاثرہ لڑکی نے تھانے میں شکایت درج کراتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ نوجوان نے فیس بک کے ذریعے اسے دھوکے سے شادی پر آمادہ کیا اور اب اس رشتے سے انکار کر رہا ہے، لہٰذا اسے انصاف فراہم کیا جائے۔پولیس حکام کے مطابق، واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور شادی کے قانونی پہلوؤں کے ساتھ ساتھ لگائے گئے الزامات کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ اگر دعوے درست ثابت ہوئے تو متعلقہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔