اسلام آبا د(نیوز ڈیسک)باجوڑ — خیبرپختونخوا کے ضلع باجوڑ کی تحصیل سلارزئی میں آسمانی بجلی گرنے اور کلاؤڈ برسٹ کے باعث آنے والے سیلابی ریلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ مقامی حکام کے مطابق واقعے میں 8 افراد جان سے گئے، 4 زخمی ہوئے جبکہ 17 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ متعدد گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر امجد خان کی سربراہی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے، تاہم بلند پانی کی سطح اور راستے بند ہونے کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ مقامی افراد بھی اپنی مدد آپ کے تحت متاثرین کی مدد کر رہے ہیں۔
ادھر لوئر دیر کے علاقے سوری پاؤ میں رات بھر جاری بارش نے مزید جانی نقصان کر دیا۔ ایک مکان کی چھت گرنے سے 5 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں، جو ایک ہی خاندان کے افراد تھے۔
ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ رات گئے پیش آیا، جب بارش کے دوران مکان کی چھت گرنے سے 7 افراد ملبے تلے دب گئے۔ زخمیوں کو تیمرگرہ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دریائے پنجکوڑہ اور قریبی ندی نالوں میں طغیانی سے کئی رابطہ سڑکیں منقطع ہو گئیں، جبکہ اوڈیگرام کا پل شدید متاثر ہونے سے ٹریفک معطل ہو گئی۔ اس کے علاوہ سیلابی پانی میں پھنسے 25 سیاحوں کو رات گئے بحفاظت نکال لیا گیا۔