اسلام آباد (نیوز ڈیسک)کراچی کے علاقے سکھن میں جائیداد کے جھگڑے نے خونی رخ اختیار کر لیا، جہاں ایک بہن نے مبینہ طور پر اپنے سگے بھائی کو قتل کر دیا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ہی ملزمہ کو حراست میں لے کر آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔تفصیلات کے مطابق، واقعہ اتوار کی شام پیش آیا جب ایک گھر سے 40 سالہ شخص، سومار کی لاش برآمد ہوئی۔ مقتول کو سر پر ڈنڈے سے وار کر کے قتل کیا گیا تھا۔
اطلاع ملنے پر ایس ایس پی ملیر عبدالخالق پیرزادہ خود جائے وقوع پر پہنچے اور واقعے کا جائزہ لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، تفتیش کے دوران مقتول کی بہن آمنہ پر شبہ ہوا، جسے حراست میں لینے کے بعد اس نے جرم کا اعتراف کر لیا۔ آمنہ نے بتایا کہ وہ اور سومار کئی عرصے سے وراثتی جائیداد کے مسئلے پر جھگڑ رہے تھے۔ واقعے کے روز بھی دونوں کے درمیان بحث ہوئی جو شدت اختیار کر گئی، اور غصے میں آ کر اس نے ڈنڈے سے بھائی کے سر پر وار کیے، جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔پولیس نے آلۂ قتل برآمد کر لیا ہے اور مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے جانچ پڑتال کی جا سکے۔