لاہور(این این آئی)لاہور اور فیصل آباد ایئرپورٹ پر دو جہاز حادثے سے بال بال بچ گئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق ملک کے دو بڑے ایئرپورٹس پر فضائی حادثات کے خطرات اس وقت بڑھ گئے ،جب پرندوں کے جہازوں سے ٹکرانے کے دو علیحدہ واقعات پیش آئے۔ لاہور میں نجی ائیرلائن کی کراچی جانے والی پرواز، جبکہ فیصل آباد میں دبئی سے آنے والی فلائٹ پرندوں سے ٹکرا گئی،تاہم دونوں واقعات میں تمام مسافر محفوظ رہے۔
ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر نجی ائیرلائن کی پرواز جیسے ہی رن وے پر ٹیک آف کی تیاری میں تھی، ایک پرندہ اچانک سامنے سے آ کر طیارے سے ٹکرا گیا۔ واقعے کے فوراً بعد جہاز کو واپس پارکنگ پر منتقل کر دیا گیا اور انجینئرز نے جہاز کا مکمل معائنہ شروع کر دیا۔ پائلٹ نے ابتدائی بیان میں تصدیق کی کہ پرندہ طیارے کے سامنے سے آ کر ٹکرایا۔دوسری جانب فیصل آباد ایئرپورٹ پر دبئی سے آنے والی پرواز کے انجن سے پرندہ ٹکرا گیا، جس کے باعث انجن میں تکنیکی خرابی پیدا ہوئی، پائلٹ نے انتہائی مہارت سے طیارے کو بحفاظت لینڈ کروایا،جبکہ تمام مسافر خیریت سے محفوظ رہے۔ واقعے کے بعد پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔