لاہور( این این آئی)مون سون بارشوں کا چوتھا سلسلہ آج ( اتوار) سے شروع ہو گا۔پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق 20سے 25جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں اور آندھی کی پیشگوئی ہے ،راولپنڈی مری گلیات اٹک چکوال منڈی بہائوالدین حافظ آباد گجرات جہلم اور گجرانوالہ میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
لاہور ،فیصل آباد ،سیالکوٹ ،نارووال ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی بارشیں متوقع ہیں ۔ڈیرہ غازی خان ،بہاولپور ،بہاولنگر اور ملتان میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبے بھر کی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ،مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں و ندی نالوں میں پانی کے بہا ئومیں اضافے کا خدشہ ہے ۔دریائے سندھ میں تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ،دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے،دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر پانی کے بہا ئومیں اضافہ ہو رہا ہے ،چشمہ کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے جس پر انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیاگیا ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق 21جولائی سے دریائے راوی جہلم ستلج اور جناب کے بہا ئومیں اضافے کا پر ی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے ،دریائوں کے بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کے باعث پانی کے بہا ئومیں غیر معمولی اضافے کا خدشہ ہے ۔شہریوں سے گزارش ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں ۔ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میںمختلف حادثات میں 123شہری جاں بحق ،462زخمی ہوئے جبکہ150عمارتوں کو نقصان پہنچا ،اموات آسمانی بجلی گرنے کرنٹ لگنے نہاتے ہوئے ڈوبنے اور مخدوش و بوسیدہ مکانات گرنے کے باعث ہوئیں ،حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق شہریوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جائے گا ،وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق کسانوں کی فصلوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا ، بارشوں و سیلاب سے متاثرہ فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے ۔