اسلام آباد(این این آئی)ایف آئی اے اینٹی کرپشن اسلام آباد نے پی اے آر سی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی کو گرفتار کر لیا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین پی اے آر سی کو غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، ایف آئی اے نے اس معاملے میں ملوث ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو بھی گرفتار کیا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق چیئرمین پی اے آر سی نے 164 منظور شدہ اسامیوں پر 332 افراد کو غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کیا۔ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے پی اے آر سی کے دونوں اعلیٰ افسران کو گرفتار کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔ مقدمے میں دیگر 17 افسر و اہلکار بھی نامزد ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل کے چیئرمین اور ڈائریکٹر کو آج عدالت میں پیش کر کے ان کا ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔