رحیم یار خان (نمائندہ خصوصی) صوبہ پنجاب کے ضلع رحیم یار خان کے کچے کے علاقے سے تعلق رکھنے والے مسلح افراد نے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ایک ویڈیو پیغام میں پنجاب پولیس کو کھلے عام دھمکیاں دے ڈالیں۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈاکوؤں کا ایک گروہ پولیس کو کارروائی کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ایک ڈاکو نے پیغام میں کہا کہ یہ ویڈیو صرف اس لیے بنائی گئی ہے تاکہ پنجاب پولیس اور ان کے معاونین کو پیغام دیا جا سکے کہ اگر ہم پر ہاتھ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ایک اور ڈاکو نے پولیس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “اگر واقعی تم میں ہمت ہے تو آؤ سامنے، پھر دیکھیں گے کون میدان میں ٹکتا ہے اور کون پیچھے ہٹتا ہے۔”
ویڈیو میں موجود ایک شخص نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ وہ پولیس افسران کے دفاتر تک پہنچ سکتا ہے، اور کہا کہ اگر کوئی کارروائی کی گئی تو وہ اس کا جواب بندوقوں سے دیں گے۔
ایک اور رکن نے انتباہ دیا کہ اگر پولیس نے کچے کے علاقے میں قدم رکھا تو وہ بھی شہری علاقوں میں کارروائیاں کرنے پر مجبور ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ “رحیم یار خان ہمارے کنٹرول میں ہے، تم کارروائی کرو گے تو انجام کی ذمہ داری تم پر ہوگی۔”
ایک اور ویڈیو پیغام میں ڈاکو نے کہا کہ وہ پولیس اور ان کے مخبروں کا انتظار کر رہے ہیں، اور جو بھی آئے گا، اسے میدان میں مقابلے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ساتھ ہی کہا گیا کہ اگر پولیس یہاں پہنچی تو ان کا “استقبال” لانچرز سے کیا جائے گا۔
سیکیورٹی ادارے اس ویڈیو کے منظر عام پر آنے کے بعد صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ علاقے میں ممکنہ آپریشن کی تیاریوں کی اطلاعات بھی موصول ہو رہی ہیں۔