اسلا م آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے صدر آصف علی زرداری کے مستعفی ہونے اور آرمی چیف کے صدر مملکت بننے سے متعلق خبروں کو سختی سے مسترد کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ “ایکس” پر جاری کردہ بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ صدر، وزیر اعظم اور عسکری قیادت کے خلاف پھیلائی جانے والی مہم کے پسِ پردہ عوامل سے ہم بخوبی واقف ہیں۔ ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ اس جھوٹ پر مبنی مہم کا اصل مقصد کیا ہے اور اس سے فائدہ کسے پہنچایا جا رہا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نہ تو صدر زرداری کے استعفے کی کوئی بات زیر غور ہے، اور نہ ہی آرمی چیف کی جانب سے ایوان صدر سنبھالنے کا کوئی ارادہ یا منصوبہ موجود ہے۔محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ صدر مملکت اور عسکری قیادت کے درمیان ایک باوقار اور مضبوط تعلق قائم ہے، جبکہ آرمی چیف کی ساری توجہ ملکی استحکام اور دفاع پر مرکوز ہے۔وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے بیان میں ان افراد کو بھی خبردار کیا جو بیرونی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر منفی پراپیگنڈہ کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسے عناصر چاہے جو مرضی کرلیں، ریاست پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔