ملتان(این این آئی)ملتان میں شوہر نے اپنی روٹھی بیوی کو منانے کیلئے ایسا انوکھا طریقہ اختیار کیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔ 27 سالہ محمد بلال نامی نوجوان گردیزی موڑ کے قریب واقع بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن کے کھمبے پر چڑھ گیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی اہل علاقہ موقع پر جمع ہو گئے اور محمد بلال کو نیچے اتارنے کیلئے منت سماجت کرتے رہے۔
اطلاع ملنے پر تھانہ بستی ملوک پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس حکام کے مطابق بلال کی بیوی گھریلو جھگڑوں کی وجہ سے ناراض ہو کر میکے میں رہائش پذیر ہے۔اہل علاقہ کی مسلسل کوششوں اور منتوں کے بعد محمد بلال کو بالآخر بجلی کے کھمبے سے نیچے اتار لیا گیا۔ پولیس نے بلال کو اپنی تحویل میں لے لیا اور اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔