اسلام آباد (نیوذ ڈیسک )فیصل واوڈا کا مطالبہ: فورسز کی تنخواہوں میں دوگنا اضافہ اور دفاعی بجٹ میں توسیع ضروری ہےاسلام آباد: سینیٹر اور سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے سینیٹ میں خطاب کے دوران کہا ہے کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر اب ترقیاتی منصوبوں سے زیادہ دفاعی امور کو ترجیح دینا ناگزیر ہو چکا ہے۔
انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح ہدایات دی تھیں کہ کسی عام شہری کو نقصان نہ پہنچے، جب کہ پاک افواج نے بھارت کے 285 فوجیوں کو ہلاک کر کے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے ہمیں اپنے وسائل میں کٹوتی کر کے بھی دفاعی اخراجات بڑھانا ہوں گے۔ اُن کے مطابق، تمام عسکری اداروں کے اہلکاروں کی تنخواہوں کو دوگنا کرنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کی قربانیوں کو سراہا جا سکے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ اپوزیشن کو اعتماد میں لیے بغیر دفاعی بجٹ اور تنخواہوں میں اضافہ ممکن نہیں ہوگا، لہٰذا حکومت کو چاہیے کہ وہ سیاسی ہم آہنگی پیدا کرے۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ بھارت نے ہماری کمزوری سمجھ کر جارحیت کی، لیکن ہم نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دے کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کسی بھی چیلنج کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے جنگ بندی کی پیشکش کی ہے لیکن یہ ہماری مجبوری یا کمزوری نہیں بلکہ امن کی خواہش ہے۔ سینیٹر واوڈا نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ جنگی صورتحال کا مکمل اور فیصلہ کن اختتام کیا جائے، اس کے بعد ترقیاتی ایجنڈا شروع کیا جا سکتا ہے۔آخر میں انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ دشمن کے مقابلے میں بھارت کی افواج کی تعداد زیادہ ہے، لیکن ہماری افواج نے جس انداز میں دفاع کیا ہے، وہ قابل فخر ہے۔ ساتھ ہی ان کا مطالبہ تھا کہ پارلیمانی کمیٹیوں میں اپوزیشن کو مؤثر نمائندگی دی جائے تاکہ قومی معاملات پر مکمل اتفاق رائے پیدا کیا جا سکے۔