اسلام آباد (نیوز ڈیسک)موسم گرم ہوتے ہی اساتذہ اور طلباء گرمیوں کی چھٹیوں کے منتظر دکھائی دیتے ہیں، اور ان کے منصوبے بھی بننا شروع ہو چکے ہیں۔ ایسے میں سوشل میڈیا پر ایک نوٹیفکیشن گردش کرنے لگا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ پنجاب کے تمام نجی و سرکاری اسکول 22 مئی سے بند کر دیے جائیں گے۔ تاہم بعد میں پتہ چلا کہ یہ نوٹیفکیشن جعلی تھا۔
تفصیلات کے مطابق، جعلی نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ پنجاب بھر کے اسکول 22 مئی سے 17 اگست 2025 تک موسم گرما کی تعطیلات کے لیے بند رہیں گے۔ اس خبر نے طلباء، والدین اور تعلیمی حلقوں میں بے یقینی اور الجھن پیدا کر دی، جس کے بعد سوشل میڈیا پر اس جعلی اطلاع کو تیزی سے پھیلایا جانے لگا۔
تاہم محکمہ تعلیم پنجاب نے فوری طور پر اس معاملے کی وضاحت کرتے ہوئے اس نوٹیفکیشن کو جعلی قرار دیا۔ حکام کا کہنا تھا کہ موسم گرما کی تعطیلات کے حوالے سے ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے۔
سیکرٹری اسکول ایجوکیشن پنجاب نے واضح کیا کہ موجودہ منصوبے کے مطابق گرمیوں کی چھٹیاں یکم جون سے شروع ہو کر 9 اگست 2025 تک جاری رہیں گی۔ البتہ اگر موسم کی شدت غیر معمولی ہو گئی تو حالات کے مطابق تعطیلات کی تاریخوں میں رد و بدل کیا جا سکتا ہے، لیکن فی الحال ایسی کوئی تبدیلی زیر غور نہیں۔
محکمہ تعلیم نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ صرف مصدقہ اور سرکاری ذرائع سے حاصل کردہ اطلاعات پر اعتماد کریں اور سوشل میڈیا پر غیر مصدقہ خبریں شیئر کرنے سے پرہیز کریں، تاکہ غلط فہمیاں نہ پھیلیں۔