لاہور (ا ین این آئی) پنجاب میں موسم خوشگوار ہو گیا ،ماہرین نے اتوار تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کی وجہ سے جہاں گرمی کا زور ٹوٹ گیا وہیں موسم بھی خوشگوار ہوگیا ، جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ مزید بتایا گیا ہے کہ 11مئی تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ، خوشاب، سرگودھا اور میانوالی میں آندھی و بارشوں کے امکانات ہیں۔اسی طرح 8سے 10مئی کے درمیان جنوبی پنجاب ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، طوفان اور جھکڑ چلنے کی پیش گوئی ہے لہٰذا شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں۔