اسلام آباد (نیوز ڈیسک): پاکستان پیپلز پارٹی کی سینیٹر پلوشہ خان نے سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے بھارت کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ وہ دن اب دور نہیں جب بابری مسجد کی تعمیر نو میں پہلی اینٹ ایک پاکستانی فوجی رکھے گا اور پہلی اذان جنرل حافظ عاصم منیر دیں گے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پلوشہ خان نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت صرف سات لاکھ افواج نہیں کر رہیں بلکہ ملک کے 25 کروڑ عوام بھی اس کی سلامتی کے لیے سیسہ پلائی دیوار بن چکے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ جو کوئی پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھے گا، وہ آنکھ نکال دی جائے گی، اور جو ہاتھ ہماری جانب بڑھے گا، وہ کاٹ دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر بھارت نے کسی قسم کی مہم جوئی یا شرارت کی تو دہلی کے لال قلعے کے آس پاس کا علاقہ خون سے بھر جائے گا۔ انہوں نے نریندر مودی کے حمایتیوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ وہ راولپنڈی سے چیخیں سننے کی بات کرتے ہیں، لیکن اُنہیں اندازہ نہیں کہ پاکستان کی سرزمین پر رہنے والے کس جذبے سے سرشار ہیں۔
پلوشہ خان نے ہوگو شاویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جس طرح شاویز نے دشمنوں کی لاشیں درختوں سے لٹکانے کی بات کی تھی، اسی طرح بھارت کو بھی یہ پیغام جانا چاہیے کہ پاکستان کسی قسم کی جارحیت کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
اُنہوں نے بھارت کی افواج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اُن کی فوج داخلی طور پر بٹی ہوئی ہے، اور سکھ برادری کا بڑا حصہ پاکستان کے خلاف کسی بھی کارروائی میں شامل ہونے پر آمادہ نہیں۔