لاہور (نمائندہ خصوصی) صوبائی دارالحکومت لاہور میں قانون کی محافظ ہی قانون شکن نکل آئی۔ کاہنہ کے علاقے میں ڈکیتی کے ملزمان کی گرفتاری کے بعد چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق کاہنہ میں ڈکیتی کے مقدمے میں گرفتار کیے گئے ملزمان نے دوران تفتیش بتایا کہ واردات میں استعمال کیا جانے والا اسلحہ ایک مخصوص گھر میں چھپایا گیا ہے۔ پولیس جب اس پتے پر پہنچی تو معلوم ہوا کہ وہ مکان لاہور کے ویمن پولیس اسٹیشن کی انچارج، ایس ایچ او ثنیہ کا ہے۔
چھاپے کے دوران پولیس نے وہاں سے وہی پستول برآمد کر لیا جو ڈکیتی میں استعمال ہوا تھا۔ اس انکشاف پر ایس ایچ او ثنیہ کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کیا گیا، اور انہیں حراست میں لے لیا گیا ہے۔
واقعے نے پولیس محکمے اور شہریوں میں شدید تشویش پیدا کر دی ہے، جب کہ اعلیٰ حکام نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے مکمل تحقیقات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔