لاہور (نیوز ڈیسک) پنجاب کے مختلف علاقوں میں سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کر دی ہیں، اور درجہ حرارت میں مسلسل اضافے نے شہریوں کو پریشان کر دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تازہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آنے والے دنوں میں موسم مزید خشک اور گرم رہے گا، اور بارش کا کوئی امکان نہیں۔
لاہور سمیت کئی شہروں میں گرمی کی شدت میں اضافہ جاری ہے اور شہری سخت موسم سے بچاؤ کے لیے ایئر کنڈیشنرز اور پنکھوں پر انحصار کرنے لگے ہیں، جس کے باعث بجلی کی کھپت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جب کہ کم سے کم درجہ حرارت 22 سے 23 ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب گھٹ کر صرف 20 فیصد تک رہ گیا ہے، جس سے نہ صرف جسمانی تھکن بلکہ ڈی ہائیڈریشن کے مسائل بھی بڑھ سکتے ہیں۔
صوبے کے جنوبی حصوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرد آلود ہوائیں چلنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، اور محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پنجاب کے زیادہ تر علاقوں میں موسم خشک ہی رہے گا۔
ماہرین صحت نے عوام کو تنبیہ کی ہے کہ وہ بلا ضرورت گھر سے باہر نہ نکلیں اور گرمی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس کی بیماری میں مبتلا افراد کو خصوصی طور پر محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔