اسلام آباد (نیوز ڈیسک) چیچہ وطنی کے علاقے شاہکوٹ میں بیوی کے مبینہ تشدد سے شوہر جاں بحق ہو گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ اس وقت پیش آیا جب شوہر اور بیوی کے درمیان گندم کی فصل کی تقسیم پر جھگڑا ہوا۔
تفصیلات کے مطابق مقتول اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر گندم کی کاشت میں مصروف تھا۔ بیوی کا الزام تھا کہ فصل کی تقسیم میں اسے اس کا جائز حصہ نہیں دیا گیا۔ اس معاملے پر دونوں کے درمیان شدید تلخ کلامی ہوئی جو مبینہ طور پر ہاتھا پائی میں بدل گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بیوی نے طیش میں آ کر شوہر پر مبینہ طور پر تشدد کیا جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ لاش کو قانونی کارروائی کے لیے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ موصول ہونے کے بعد واقعے کی مزید تفتیش کی جائے گی تاکہ حقائق مکمل طور پر سامنے آ سکیں۔