اسلام آباد (این این آئی)این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے آئندہ 12 گھنٹوں میں پنجاب، اسلام آباد اور شمالی علاقہ جات میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش، آندھی اور متعد د مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق بالائی پنجاب میں اٹک، چکوال، گجرات، جہلم، وسطی پنجاب میں فیصل آباد، حافظ آباد، جھنگ، خوشاب، میانوالی، لاہور، نارووال، ساہیوال، سرگودھا اور شیخوپورہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش اور آندھی کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ موسلادھار بارش اور طوفانی ہوائیں کمزور درختوں کے گرنے کے باعث بجلی کی بندش اور آندھی اور ژالہ باری کے باعث کمزور عمارتوں، چھتوں، گاڑیوں اور بجلی کے کھمبوں کو نقصان کا اندیشہ ہے،اسی طرح ژالہ باری سے کھڑی فصلوں کوبھی نقصان کا شدید خطرہ ہوسکتا ہے، شمالی علاقہ جارت بشمول دیر، سوات، کوہستان، چترال، مانسہرہ، کرم، خیبر، مہمند، باجوڑ اور وادی نیلم کے ندی نالوں میں 19 اور 20اپریل کے دوران ممکنہ سیلابی صورت حال کی بھی پیشگوئی کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ موسم کی تازہ ترین خبروں سے باخبر رہیں اور سفرکے آغاز سے قبل سڑکوں کی صورت حال کا جائزہ ضرور لیں اور تیز بارش کے دوران غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں۔
سیاحوں سے کہا گیا ہے کہ سفر کرنے سے پہلے موسم کی اپ ڈیٹس کے بارے میں آگاہ رہنے کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے 21تا 23اپریل کے دوران کراچی میں ہیٹ ویو کی پیش گوئی کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سمندری ہوائوں کی بندش اور نمی کا تناسب بڑھنے کے سبب پارہ معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ ریکارڈ ہو سکتا ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہیٹ ویو الرٹ کے مطابق پیر تا بدھ(21تا 23اپریل) شہر میں گرمی کی شدید لہر کا امکان ہے، جس کے دوران سمندری ہوائیں مختصر وقت کے لیے بھی ہوں گی۔الرٹ میں بتایا گیا کہ شہر میں بلوچستان کی شمال مغربی گرم ریگستانی ہواں کے اثرانداز ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ہیٹ ویو کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے 4 تا 6 ڈگری اضافے سے40 ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے، ہوا میں نمی کا تناسب بڑھنے کیسبب گرمی کی شدت اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے۔شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے بتایا گیا کہ کراچی ڈویژن میں گرمی کی لہرکے دوران عوام بالخصوص بچوں، خواتین اور بزرگ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔
مزید کہاگیا کہ دن کے وقت براہ راست تپش سے بچا جائے اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ صوبے کے وسطی اور بالائی اضلاع میں جاری ہیٹ ویو کی صورت حال میں آج سے کمی کا امکان ہے۔کراچی میں جمعے کو زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34.3 ڈگری جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 58 فیصد ریکارڈ ہوا، دیہی سندھ کے شہید بینظیرآباد اور دادو کاپارہ 46.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔