اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں شدید ژالہ باری اور طوفانی بارش نے متعدد نقصانات کا سبب بنے، جن میں شاہ فیصل مسجد کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
ذرائع کے مطابق شہر میں اچانک شروع ہونے والی تیز بارش اور ژالہ باری کے دوران کئی گاڑیوں کے شیشے چکنا چور ہو گئے جبکہ بعض علاقوں میں پانی کھڑا ہونے سے معمولات زندگی متاثر ہوئے۔
شہر کے اہم علاقوں جیسے ریڈ زون اور پارلیمنٹ ہاؤس کے آس پاس کی سڑکیں بھی زیر آب آ گئیں، جس سے ٹریفک کی روانی میں خلل پیدا ہوا اور شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہ فیصل مسجد بھی اس موسمی شدت کی زد میں آ گئی، جہاں ژالہ باری سے مسجد کے دروازوں، کھڑکیوں اور چھت کو نقصان پہنچا۔ اطلاعات کے مطابق بڑے اولے چھت سے ٹکرا کر مسجد کے اندر بھی گرے، جس سے مسجد کی اندرونی ساخت متاثر ہوئی ہے۔
حکام صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاط برتیں۔