اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اڈیالہ جیل میں پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر نے پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سے ملاقات کی، جس دوران اہم پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران عمران خان نے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ کی سرزنش کرتے ہوئے انہیں تنبیہ کی کہ وہ بطور جنرل سیکرٹری اپنی ذمہ داریوں تک محدود رہیں اور تنظیمی حدود کی خلاف ورزی سے گریز کریں۔
عمران خان نے واضح کیا کہ بیرسٹر گوہر بطور چیئرمین پارٹی کو لیڈ کر رہے ہیں، اور انہیں پارٹی فیصلوں میں خصوصی حیثیت حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “یہ ایک سیاسی جماعت ہے، نہ کہ کوئی انٹیلی جنس ادارہ جو مکمل کاغذی کارروائی پر چلتا ہو۔” عمران خان نے ہدایت کی کہ پارٹی کے رہنما میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف بیانات دینے سے باز رہیں تاکہ جماعتی نظم و ضبط قائم رہے۔ملاقات کے دوران عمران خان کو عاطف خان اور ڈاکٹر امجد کی امریکی وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اس اطلاع پر عمران خان نے گہری خاموشی اختیار کی، صرف سانس بھر کر ردعمل دیا، اور کوئی تبصرہ نہیں کیا۔