اسلام آباد (نیوز ڈیسک) عارف والا کے قریبی گاؤں میں ایک چور چوری کی نیت سے آیا لیکن بدقسمتی سے کنویں میں گر گیا۔
یہ حیران کن واقعہ نواحی گاؤں 64 ای بی میں پیش آیا، جہاں ایک شخص کھیتوں میں لگے ٹیوب ویل کے قریب چوری کی نیت سے داخل ہوا، مگر 60 فٹ گہرے کنویں میں جا گرا۔ اپنی جان بچانے کے لیے اس نے کنویں سے ہی ریسکیو ہیلپ لائن پر کال کر دی۔
ریسکیو ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کی لوکیشن ٹریس کی اور اسے بحفاظت باہر نکال کر اسپتال منتقل کر دیا۔ بعد ازاں، اس شخص کی شناخت علی کے نام سے ہوئی، جو قریبی گاؤں 46 ای بی کا رہائشی نکلا۔
پولیس کے مطابق، زخمی علی نے تفتیش کے دوران اعتراف کیا کہ وہ چوری کی نیت سے آیا تھا۔ اس واقعے نے علاقے میں خاصی چہ مگوئیاں پیدا کر دی ہیں۔