لاہور (این این آئی)چیف آرگنائزر پنجاب عالیہ حمزہ نے 8فروری کو احتجاج نہ کرنیوالے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اور ٹکٹ ہولڈرز کی رپورٹ بانی عمران خان کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق چیف آرگنائزر پنجاب نے 8فروری احتجاج سے متعلق رپورٹ مرتب کر لی ہے جن ٹکٹ ہولڈرز اور عہدیداران نے احتجاج نہیں کیا ،رپورٹ بانی کو دی جائے گی۔
احتجاج اور پارٹی ہدایات پر عمل درآمد نہ کرنے والوں کے مستقبل کا فیصلہ عمران خان کی ہدایات کے پیش نظر کیا جائے گا۔دوسری جانب، پنجاب کے کارکنوں کو فعال کرنے کیلئے عالیہ حمزہ نے صوبے میں رکنیت سازی مہم چلانے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس حوالے سے پلان بھی ترتیب دے دیا ہے۔چیف آرگنائزر عالیہ حمزہ یونین کونسل سطح پر پارٹی مہم چلائیں گی جبکہ مختلف شعبوں میں فوکل پرسنز بھی مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ فوکل پرسنز کی تقرری کیلئے چیف آرگنائزر نے مشاورت شروع کر دی ہے۔