ساہیوال( این این آئی)قطب شہانہ میں تحریک انصاف کے قومی اسمبلی کے ٹکٹ ہولڈر سابق تحصیل ناظم رانا عامر شہزاد کی فصلوں کو آگ لگا کر خاکستر کر دیا گیا، پولیس بہادر شاہ نے 14مسلح افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق رانا عامر شہزاد کا مینجر رانا طاہر اقبال ڈیرہ پربیٹھے تھے کہ آتشی اسلحہ سے مسلح تصدق حسین شاہ ، احمد شاہ شیرازی ، الطاف سخی پروکہ 10نامعلوم مسلح افراد کے ہمراہ آگئے اور رانا عامر شہزاد سے مقدمہ بازی کی رنجش پر فصلوں کو آ گ لگا دی اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے ۔ ملزموں نے دھمکی دی کہ اگر رانا عامر شہزاد نے احمد شاہ کے خلاف قتل کا مقدمہ واپس نہ لیا تو وہ اس سے بھی بڑا ایکشن کریں گے اور اس کی 204کنال اراضی پر جو فصل لگائی جائے گی اسی طرح جلا کر خاکستر کر دیں گے۔
پولیس بہادر شاہ نے رانا عامر شہزاد کے مینجر رانا طاہر اقبال کی مدعیت میں 14ملزموں کے خلاف مقدمہ 506، 435، 148، 149ت پ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ابھی تک ملزم گرفتار نہیں ہو سکے۔