لاہور(این این آئی)لاہور میں دو سالہ بچے کے اغوا اور قتل میں ماں ہی ملوث نکلی، پولیس نے ملزمہ اور اس کے آشنا سمیت تین ملزمان کو گرفتارکرلیا، بچے کی جلی ہوئی لاش بھی برآمد کرلی گئی۔ملزمہ نے آشنا کے ساتھ مل کر واردات کا منصوبہ بنایا، جس کے بعد دو سالہ اذلان 23 جنوری کو رائیونڈ سے اغوا ہوا۔
پولیس نے مشکوک بیانات پر مغوی کی ماں کا موبائل فون چیک کیا تو مسلسل رابطے قریبی رشتہ دار سے نکلے۔ جس پر ملزمہ کو حراست میں لے کر تفتیش کی گئی تو اس نے بیٹے کے اغوا کے بعد قتل کا انکشاف کردیا۔پولیس نے ملزمان کی نشاندہی پر لاش کوٹ رادھا کشن سے برآمد کی۔گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم اسلام، نوکرانی ثنا اور مقتول بچے کی ماں کنزہ شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ تین ملزمان کو گرفتارکیا گیا ہے۔دوران تفتیش کنزہ نے بتایا اس نے نوکرانی کے ہاتھ بچے کو آشنا کے پاس بھیجا تھا، بچے کو قتل کرکے جلانے والے ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔