اسلام آباد (این این آئی) 2025 کا پہلا منکی پاکس کیس پشاورایئرپورٹ سے رپورٹ ہوگیا، دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی ہے۔مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی نے بتایا کہ پبلک ہیلتھ ٹیم نے مریض کو پولیس سروسز ہسپتال منتقل کردیا ہے، پولیس ہسپتال سے مریض کے نمونے پبلک ہیلتھ ریفرنس لیب بھیجے گئے، لیب نے دبئی سے آنے والے 35 سالہ شخص میں ایم پاکس کی تصدیق کردی ہے۔
احتشام علی نے کہا کہ پشاور ایئرپورٹ منیجر کو خط لکھ دیا ہے کہ مسافروں کی تفصیلات فراہم کی جائیں، معلومات ملتے ہی متعلقہ ڈی ایچ اوز کو کنٹیکٹ ٹریسنگ کے لیے مطلع کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ صوبے میں اب تک ایم پاکس کے 10 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، 2023 میں 2، 2024 میں 7 جبکہ 2025 میں پہلا کیس رپورٹ ہوا ہے، عوام سے التماس سے سماجی فاصلوں کو یقینی بناتے ہوئے محتاط رہیں۔