مکوآنہ (این این آئی)پنجاب پولیس نے فیصل آباد سمیت صوبے بھر میں 6 ہزار کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز کی بھرتی کا اعلان کر دیا ہے۔بھرتی کے عمل کو شفاف اور میرٹ پر یقینی بنانے کے لیے امیدواروں سے درخواستیں طلب کر لی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق، بھرتی کے خواہشمند افراد 11 سے 25 جنوری تک آن لائن فارم پنجاب پولیس کی ویب سائٹ سے ڈاون لوڈ کر سکتے ہیں۔ درخواست جمع کرانے کے لیے امیدواروں کو متعلقہ اضلاع میں 300 روپے سروس چارجز کے ساتھ فارم جمع کروانے ہوں گے۔
اہلیت کے حوالے سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق، امیدوار کا صوبہ پنجاب اور متعلقہ ضلع کا رہائشی ہونا ضروری ہے۔ مزید برآں، شناختی کارڈ کا ہونا بھی لازمی قرار دیا گیا ہیامیدواروں کو بھرتی کے عمل میں کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔قد کی شرائط کے تحت مرد امیدواروں کا کم از کم قد 5 فٹ 7 انچ اور خواتین امیدواروں کا قد 5 فٹ 2 انچ مقرر کیا گیا ہے۔ تعلیمی معیار کے حوالے سے، امیدواروں کو سیکنڈری بورڈ کے امتحان میں کم از کم 50 فیصد نمبر حاصل کرنا ضروری ہے۔ عمر کی حد 18 سے 25 سال مقرر کی گئی ہے۔بھرتی کے عمل کی نگرانی کے لیے ایک اعلیٰ سطح کا بورڈ تشکیل دیا گیا ہے۔
اس بورڈ میں ڈی آئی جی بطور چیئرمین، متعلقہ سی پی او یا ڈی پی او بطور سیکرٹری، اور ایس پی بطور ممبر شامل ہوں گے۔ تمام اضلاع میں بھرتی کا شیڈول سینٹرل پولیس آفس سے جاری کیا جائے گا۔پنجاب پولیس کے مطابق یہ بھرتیاں ادارے میں افرادی قوت بڑھانے اور عوام کو بہتر خدمات فراہم کرنے کے مقصد کے تحت کی جا رہی ہیں۔ امیدواروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مقررہ تاریخوں کے دوران اپنی درخواستیں مکمل اور درست تفصیلات کے ساتھ جمع کروائیں۔